جعلی پائلٹس کے خلاف کارروائی کی جائے،ناہید رندھاوا

July 04, 2020

لندن(ودود مشتاق) ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین ناہید رندھاوا نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے بارے میں پارلیمنٹ میں بیان سے اوورسیز پاکستانی پریشان ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ریلوے، پی آئی اے اور دیگر قومی حادثات پر توجہ دی جاتی تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ انہوں نے کہا کہ جو پائلٹس اس اسیکنڈل میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرکے ان سے تنخواہیں واپس لی جائیں۔ ناہید رندھاوا نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے قومی ائر لائن پر پابندی کے دوران تمام نااہل اور کرپٹ لوگوں کو فارغ کرکے اہل قابل اور میرٹ پر نئے لوگ بھرتی کئے جائیں۔ انہوں نے کہا اگرچہ قومی ائر لائن پر پابندی یورپی یونین کا تعصب پر مبنی فیصلہ ہے لیکن پاکستان کو اپنے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کا موقع مل گیا ہے جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ایک سوال پر ناہید رندھاوا نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے، چین، پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک اس کے بزدلانہ رویے سے سخت نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں بھی مداخلت کر رہا ہے جس پر عالمی قوتوں کو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو ناجائز قرار دیا اور کہا کہ اس سے ملک میں غریب عوام پِس کر رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عوام پہلے ہی غربت اور مسائل سے پریشان ہیں اور اوپر سے تیل کی قیمتوں اور اس سے پیدا ہونے والی مہنگائی انہیں زندہ در گور کر دے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ ناہید رندھاوا نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بھلا کر قومی یکجہتی خوشحالی اور ترقی کےلئے مل کر کام کریں۔