پاکستانی تارکین کے علاقوں سے کورونا ختم نہیں ہوا

July 04, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)برطانیہ کے جن علاقوں میں پاکستانی تارکین وطن رہائش پذیر ہیں ان علاقوں میں کورونا وائرس ابھی تک ختم نہیں ہوا بلکہ مزید پھیلائو کے خطرے کی خبروں کے بعد ان علاقوں کو دوبارہ لاک ڈائون کرنے کا عمل جاری ہے ۔پاکستانی تارکین وطن سب سے زیادہ راچڈیل ‘ بریڈ فورڈ ‘ برنلے میں رہائش پذیر ہیں اور ان علاقوں میں فوری طور پر لاک ڈائون کیا جا سکتا ہے۔21 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے اعدادوشمار کے مطابق ان علاقوں میں کورونا وائرس کی انفیکشن کی شرح سب سے زیادہ ہے۔برطانوی وزرا نے ابھی تک باضابطہ طورپر اس کی تصدیق نہیں کی کہ انگلینڈ کے کون کون سے علاقوں میں لاک ڈائون کیا جا رہا ہے۔ برنلے کونسل نے انفیکشن کی شرح سب سے زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنے شہریوں کو اضافی نگہداشت اور چوکس رہنے کا مطالبہ کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ شہر کو بند بھی کیا جا سکتا ہے جن دیگر علاقوں کو لاک ڈائون کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ان میں راچڈیل ‘ بیڈ فورڈ ‘ اولڈھم ‘ رادرہم ‘ ٹیمسائیڈ ، بلیک برن ود ڈاروین، کرکلیس شامل ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ میٹ ہینکوک نے تصدیق کی کہ کورونا وائرس کے معاملات میں ڈرامائی اضافے کے بعد مشرقی مڈلینڈز شہر میں لاک ڈاؤن اقدامات کو کم سے کم دو ہفتوں تک بڑھایا جائے گا غیر ضروری دوکانیں ایک بار پھر بند اور اسکول جمعرات سے بند رہیں گے ۔سرکاری دستاویزات کے مطابق 18 جولائی تک اس پر دوبارہ نظرثانی نہیں کی جائے گی شہر میں پب کو اس ہفتے کے آخر میں سپر ہفتہʼ منانے کے لئے دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی ، اور نہ ہی لوگوں کو دوستوں اور رشتہ داروں سے ملنے کی اجازت ہوگی ۔