لاہور سے مانچسٹر آنے والی قومی ائر لائن کی پرواز منسوخ

July 04, 2020

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)قومی ائرلائن پر یورپ کی طرف سے پابندی لگائے جانے کے بعد برطانیہ میں پھنسے مسافروں کو پاکستان واپس لے جانے کے لیے خصوصی اجازت طلب کی گئی تھی جس کے تحت 3 جولائی بروز جمعہ تک پی آئی اے کو اجازت دی گئی تھی، پی آئی اے حکام نے 2 جولائی کو لاہور سے مانچسٹر آنے اور اسی روز لاہور واپس جانے والی پرواز بوجوہ منسوخ کردی ہے۔ پی آئی اے حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔ اس سلسلہ میں مانچسٹر کے ایک ٹورزآپریٹر کے چیف ایگزیکٹو الحاج محمد عارف نے جنگ کو فون پر بتایا کہ کورونا کی وجہ سے پہلے ہی بڑی تعداد میں پاکستان جانے اور آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا اب یورپ کی طرف سے لگائی گئی پابندی پر ہزاروں اہل وطن شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں انہوں نے کہا کہ کئی ایسے مسافر بھی تھے جو اپنے پیاروں کی میتوں کو پاکستان لے جانا چاہتے تھے، ان تمام مسافروں کی سیٹیں کنفرم تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستانی حکام کی غلط پالیسیوں اور غفلت کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر پی آئی اے کے متبادل فلائٹس چلانی چاہئیں تاکہ ہزاروں مسافروں کو در پیش مشکلات کو حل کیا جا سکے۔ پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں پیس فار کے چیئرمین مصطفی کمال شیخ، سمائل ایڈ کے چیئرمین چوہدری شہباز سرور، مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر نعیم الحسن، کونسلر شوکت علی، کونسلر رب نواز اور دیگر نے پاکستانی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے سیکورٹی خدشات کو دور کریں اور پاکستان کی قومی ائر لائن کو دوبارہ یورپ سے شروع کروائیں، انہوں نے کہا کہ قومی ائر کی بندش سے پاکستانی وقار کو شدید دھچکا لگا ہے، حکومت اس سلسلے میں ہنگامی طور پر اقدامات اور قومی ائر لائن کی ساکھ تباہ کرنے والوں کو نشان عبرت بنائے۔