بچے کے سامنےنانا کاقتل ظلم کی انتہا ہے،شیخ سربلند

July 04, 2020

لندن(نمائندہ جنگ)معصوم کشمیری بچے کے سامنے اس کے نانا کو جس بے رحمی سے قتل کیا گیا، بھارت کو اس کا حساب چکانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سماجی راہنما شیخ مسلم سربلند نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑرہا ہے تاکہ انہیں ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا سکے لیکن اب اس کے مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں اور کشمیری جلد آزادی کا طلوع ہوتا سورج دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم کی خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچے کے سامنے اس کے نانا کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا اس سے نئی نسل کے دلوں میں نفرت کا بیج بویا جا رہا ہے۔ شیخ سربلند نے کہا کہ امریکہ میں ایک انسان پولیس کے ہاتھوں مارا جاتا ہے تو پوری دنیا میں اس کے خلاف ردِ عمل کا مظاہرہ کیا جاتا ہے لیکن تین سالہ معصوم بچے کے سامنے اس کے نانا کی شہادت کیا عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لئے ناکافی ہے۔