لاک ڈائون سے پوری دنیا متاثر ہوئی،ڈاکٹر سارہ حسین

July 04, 2020

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پوری دنیا کورونا وائرس اور لاک ڈائون سے متاثرہوئی ہے، لاک ڈائون سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں،ان خیالات کا اظہارڈاکٹر سارہ حسین نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے دانتوں کے حوالے سے کہا کہ پورے جسم سے دانتوں کی بڑی اہمیت ہے، ان کا تندرست ہونا ضروری ہے،اس لیے دانتوں کی بیماریوں سے بچنے کے لیے دن میں دوبار دانت صاف کرنے چاہئے، ڈاکٹر سارہ حسین نے کہا کہ دانتوں کی بیماریوں کے حوالے سے مجھے یقین ہے کہ90فیصد بیماریاں دانتوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو بیماریاں اہم ہیں ایک پائیریا جس میں مسوڑھوں سے خون آتا ہے اور دانت ہلنے لگتے ہیں اور دوسری دانتوں میں کیڑا لگنا ہے۔ ان دونوں بیماریوں کو دانتوں کی صفائی سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے ڈاکٹرز کی سرجریز ملتوی کردی گئی تھیں اب آنے والے دنوں میں مریض اپنے ڈاکٹرز سے علاج معالجہ کے لیے رجوع کرسکیں گے،آہستہ آہستہ حالات کورونا کے حوالے سےبہتری کی جانب آرہے ہیں لیکن ابھی وائرس ختم نہیں ہوا ۔ ہمیں ذمہ دار شہری ہوتے ہوئے سماجی فاصلے پر سختی سےعمل کرنا ہوگا۔