بعض ممالک میں صرف سنجیدہ علامات والے افرادہی کا ٹیسٹ

July 04, 2020

پیرس(اے ایف پی) دنیا بھر میں کورونا کی تباہ کاری جاری ہے جبکہ بعض ممالک میں صرف سنجیدہ علامات والے افرادہی کا ٹیسٹ کیا جارہاہے ۔اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں 5 لاکھ 17ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک کروڑ 80ہزار افراداب تک وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے 54لاکھ 54ہزار مریض صحتیاب بھی ہوئے۔ غیرملکی خبررساں ادارےکے مطابق کئی ممالک میں صرف انتہائی سنجیدہ کیسز اور کورونا علامات کے افراد کا ہی ٹیسٹ کی جارہا ہے، امریکاکورونا وائرس سے سب سے متاثر ملک ہے جہاں ایک لاکھ 28ہزار سے زائد اموات اور 27لاکھ 13 ہزارسے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 7لاکھ 30ہزار صحت یاب ہوئے۔امریکا کے بعد دوسرا متاثر ترین ملک برازیل ہے جہاں 60 ہزار 632 اموات اور 14 لاکھ 50ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں، برطانیہ میں اب تک 43ہزار اموات اور 3 لاکھ 13 ہزار کیسز ریکارڈ کیے گئے، اٹلی میں34 ہزار اموات اور 2لاکھ 41 ہزار کیسز سامنے آئے جبکہ فرانس میں 28 ہزار ہلاکتیں اور 2 لاکھ 2 ہزار کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔