لاہور، روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ

July 04, 2020


صوبائی دارالحکومت لاہور میں تندور مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دیں۔

صدر تندور ایسوسی ایشن آفتاب گل نے روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، لاہور میں سادہ روٹی کی قیمت 8 روپے جبکہ خمیری روٹی اور نان کی قیمت 12 روپے مقرر کی گئی ہے۔

صدر تندور ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے روٹی اور نان کے نرخ بڑھائے، جس قیمت پر آٹا ملے گا اسی پر روٹی اور نان فروخت کریں گے۔

دوسری جانب فلور ملز مالکان نے بھی آٹے کا تھیلا 850 روپے میں فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔

چیئرمین پاکستان فلور ملز عاصم رضا کا کہنا ہے کہ ہمیں گندم اجرا کی سرکاری پالیسی منظور نہیں، ہم بازار سے مہنگی گندم خریدنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1030 روپے ہی ہوگی، قیمت کم نہیں کر سکتے کیونکہ محکمہ خوراک نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔