پب جی گیم پر پابندی کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

July 04, 2020

پاکستان میں پب جی گیم پر پابندی کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک اسپورٹس دنیا کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے، پب جی گیم آن لائن پیسے کمانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، درخواست میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا تعلیمی اداروں میں نمبر کم ہونے کی وجہ سے خود کشیوں پر کیا تعلیمی ادارے بند کئےجاتے ہیں؟

شہری عبدالحسیب ناصر نے احمد اقبال میکن ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں سیکرٹری قانون، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پاکستان میں پب جی کا ٹورنامنٹ جیتا، اب دس جولائی کو پب جی ورلڈ لیگ میں شامل ہونا ہے، یہ الیکٹرانک اسپورٹس دنیا کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے، پب جی گیم پر پابندی سے بڑی کمپنیوں کی اسپانسرشپ ختم ہونے کا خدشہ ہے، اسپانسر شپ ختم ہونے سے پاکستان کو بے حد معاشی نقصان ہوگا، پب جی گیم پر پابندی سے پاکستان الیکٹرانک اسپورٹس میں بلیک لسٹ ہوسکتا ہے، پی ٹی اے کی جانب سے پب جی گیم پر پابندی کا فیصلہ کالعدم کیا جائے۔