مصنوعی انڈوں کی فروخت کیخلاف بی ایف اے کی کارروائیاں جاری

July 05, 2020

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ شہر میں مبینہ مصنوعی انڈوں کی فروخت کے خلاف کارروائیاں ہفتہ کے روز بھی جاری رہیں، بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے مسجد روڈ اور کواری روڈ میں انڈے فروخت کرنے کے ہول سیلرز کے معائنے کے دوران دو مزید مراکز کو سیل کردیا جبکہ مذکورہ دو مراکز سمیت متعدد دکانوں سے مبینہ مصنوعی انڈوں کے نمونے لے کر مزید تجزیے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے ،واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اجزاء سے مصنوعی انڈوں کی تیاری و فروخت پر پابندی عائد ہے اور گزشتہ روز بھی بی ایف اے حکام نے اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں انڈے فروخت کرنے کے مراکز کی چیکنگ و کارروائی کرتے ہوئے پانچ دکانوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ علاوہ ازیں پشین بازار میں ڈائریکٹر آپریشنز نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میںفوڈ سیفٹی ٹیم نے انڈے فروخت کرنے کی دکانوں سمیت متعدد کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا اس دوران دو ہول سیل ٹریڈرز کو وافر مقدار میں زائد المیعاد مشروبات ،پیکٹ دودھ، بچوں کے کھانے کی مختلف اشیاء، بسکٹ اور ممنوعہ چائنیز نمک کی موجودگی و فروخت جبکہ دو بیکنگ یونٹس کو گندے پروڈکشن ایریا ،تیار اشیا کی نامناسب اسٹوریج اور مٹھائیوں میں حشرات کی موجودگی ،زنگ آلود مشینری اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔