نوابزادہ سراج کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں‘جمال رئیسانی

July 05, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی )نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ نوابزادہ میر سراج رئیسانی شہید نے ملک وقوم کے مفاد کیلئے قربانی دی، وہ ہمیشہ ملک کی ترقی وخوشحالی اور صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرتے رہے ، ملک دشمن عناصر نوابزادہ میر سراج رئیسانی کو برداشت نہیں کر تے اور ان کو 2018کی الیکشن مہم کے دوران شہید کیا ۔میر ے والد اور بھائی نے ملک دشمن قوتوں کیخلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، 13جولائی کو ان کی برسی منائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے مستونگ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ میر سراج رئیسانی ملک دشمن عناصر کے خلاف دیوار ثابت ہوئے اور ہمیشہ ملک دشمن قوتوں کیخلاف جدوجہد کر تے رہے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ میر سراج رئیسانی آج بھی زندہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی برسی کے حوالے سے آئندہ ایک دو دن میں فیصلہ کیا جائیگا ۔