غریب طلباء کی تعلیم کیلئےجلد حکمت عملی تیار کی جائے، پشتون ایس ایف

July 05, 2020

کو ئٹہ ( آئی این پی )پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جہاں وبا کے پھیلائو نے ملک کی معیشت کے پہیے کی رفتار کو نہایت سست کردیا ہے وہیں تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے اپنا بجٹ پورا کرنے کیلئے طلبا کی فیسوں پر انحصار کر رہے ہیں اور طلبا پر اس مخدوش معاشی صورتحال میں ادارے بند ہونے کے باوجود فیسیں جمع کرنے کیلئے دبا ئوڈالا جارہا ہے جس سے طلبا کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے. بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبا کی اکثریت کا تعلق غریب طبقے سے ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان تمام غریب طالب علموں کی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے جلد حکمت عملی تیار کی جائے اور انھیں وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جس کے ذریعے وہ بآسانی اپناتعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں۔