دنیابے گناہ لاشوں پر سسکتے کشمیری بچوں کی فریاد سنے،حامد موسوی

July 05, 2020

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ 5جولائی 77ء کو وطن عزیز کو لگنے والے مہلک زخم کا گھاؤ آج بھی مندمل نہیں ہوا، وطن عزیز کے استحکام کیلئےآ ٓمریت کے پروردہ تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے، عالمی برادری بے گناہ لاشوں پر سسکتے کشمیری بچوں کی فریاد سنے ، بھارتی ظلم انتہاؤں کو چھور ہا ہے لیکن کشمیر کے معاملے میں عالمی ضمیر منافقت کی خمارآورگولیاں لئے خواب خرگوش میں پڑاہے۔گالم گلوچ کا کلچر بیرونی سرمائے پر پلنے والی تنظیموں نے پھیلایا۔اسلام کی حقانیت پر ہونے والے حملوں کو ناکام بنانے کیلئے امام ضامن علی ابن موسی الرضا کی سیرت کو اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام علی ابن موسی الرضا کے یوم ولادت کی مناسبت سے ایام ضامن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آغا حامد موسوی نے کہا کہ امام علی رضا مذاہب و ادیان کے مختلف علماء کو دین اسلام کے حقائق سے روشناس فرماتے اور مناظروں و مباحثوں میں انہیں لاجواب کردیتے ہیں۔