کراچی: کل سے مون سون بارشیں شروع ہونگی

July 05, 2020

کراچی: کل سے مون سون بارشیں شروع ہونگی

محکمۂ موسمیات نے اچھی خبر سنائی ہے کہ کل سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹے گا۔

سندھ میں پیر سے مون سون سسٹم مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 6 جولائی کی صبح مون سون کا بارش برسانے والا سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں 6 جولائی کی شام یا رات بادل گرج اور برس سکتے ہیں۔

بارش کا یہ سلسلہ 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بارش کے تین دن کے اسپیل میں 30 سے 50 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ اور میرپورخاص میں اس دوران تیز بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے تھر پارکر، عمر کوٹ، جامشورو اور دادو میں بھی منگل تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، مون سون کی پہلی بارش 6 جولائی کو ہوگی

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 31 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے۔