43 سال قبل مسلط کی گئی سیاہ رات کاخمیازہ پاکستانی قوم آج تک بھگت رہی ہے، فریال تالپور

July 05, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور ممبر صوبائی اسمبلی فریال تالپور کا 5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پر ایک خصوصی پیغام سامنے آیا ہے۔

5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پر فریال تالپور نے کہا کہ 43 سال قبل مسلط کی گئی سیاہ رات کا خمیازہ پاکستانی قوم آج تک بھگت رہی ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور روشن مستقبل کا نام جمہوریت ہے، وقت آگیا ہے کہ 5 جولائی 1977 کو ہوئی تباہی کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج عہد کرنے کا دن ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے سرگرم عمل رہیں۔

واضح رہے کہ 5 جولائی 1977 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ اُلٹ کر ایک فوجی آمر جنرل ضیاء الحق نے ملک پر مارشل لاء نافذ کر دیا تھا۔

ملکی تاریخ کے اس کربناک دن کو ملک بھر میں پیپلزپارٹی اور جمہوری طاقتیں یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہیں۔