پاک - انگلینڈ سیریز کیلئے وسیم اکرم کمنٹری پینل میں شامل

July 05, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر وسیم اکرم پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے دوران کمنٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

وسیم اکرم تینوں ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں کمنٹری کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وسیم اکرم مانچسٹر میں اپنے گھر پر دو ہفتے کا قرنطینہ مکمل کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم اس وقت دورہ انگلینڈ پر برطانیہ پہنچ چکی ہے، جہاں کھلاڑیوں نے ایس او پیز کے مطابق خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔