ورلڈ ٹی20 ملتوی کرکے آئی پی ایل کروایا تو سوال اٹھیں گے، انضمام

July 05, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی کرکے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) منعقد کروائی گئی تو سوال اٹھیں گے۔

ایک بیان میں انضمام الحق نے استفسار کیا کہ اگر ایک ملک لاک ڈاؤن میں آئی پی ایل کرواسکتا ہے تو ورلڈ ٹی20 کیوں نہیں ہوسکتا؟

انہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ اور سیریز کی جگہ پرائیویٹ لیگ کو ترجیح دی گئی تو کرکٹ کو نقصان ہوگا۔

انضمام الحق نے مزید کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ورلڈ ٹی20 کی مل کر میزبانی کریں تو ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ لیگ کو انٹرنیشنل کرکٹ پر فوقیت نہیں دی جانی چاہیے۔