چکلالہ کینٹ، پلازوں کی بیسمنٹ میں پارکنگ بحال نہ ہوسکی

July 06, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نےان تمام کمرشل تعمیرات کے مالکان کوجو بلڈنگ پلان کے برعکس فرنٹ پارکنگ (سیٹ بیک) اور بیسمنٹ کی پارکنگ کا غیرقانونی استعمال کر رہے ہیں کو ہدایت کی تھی کہ منظور شدہ نقشہ کے مطابق 30دن کے اندر پارکنگ بحال کر دی جائے مگر دی گئی مہلت کو بھی ختم ہوئے تین ہفتے گزر گئے ہیں جہلم روڈ سمیت کہیں پر بھی فرنٹ پارکنگ (سیٹ بیک) اور بیسمنٹ کی پارکنگ بحال نہیں کی گئی ہے ، کنٹونمنٹ بورڈ حکام کی طرف سے جاری اطلاع عام میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر مالکان جائیداد نے یہ پارکنگ بحال نہ کی تو پھر بذریعہ انفورسمنٹ سکواڈ مالکان جائیداد کے خرچہ پر یہ پارکنگ خالی کروائی جائے گی،شہریوں کا کہنا ہے کہ کینٹ کے بازاروں میں بڑھتے پارکنگ کے مسائل کے پیش نذر کینٹ بورڈ انتظامیہ کو اپنے ان احکامات پر فوری طورپر عملدرآمد کروانا چاہئے۔ ، زیادہ تر پلازوں کی بیسمنٹ میں لوگوں نے دکانیں بنا رکھی ہیں یا پھر ہال بنا رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہری اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کرنے پر مجبور ہیں ، انہوں نے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پلازوں کی بیسمنٹ میں منظور شدہ بلڈنگ پلان کے مطابق پارکنگ کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، جتنے عرصہ سے پارکنگ کی جگہ کا کمرشل استعمال یا پھر کرایہ مالکان جائیداد نے وصول کیا ہے وہ بھی جرمانہ کی صورت میں وصول کیا جانا چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح کا غیرقانونی کام کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔