کوری خدابخش لنک روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، حکام خاموش تماشائی

July 06, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کے نواحی گائوں کوری خدابخش کی لنک روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے مگر محکمہ روڈ کا عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ،چک بیلی خان سے ساڑھےچار کلومیٹر کا یہ لنک روڈ کروڑوں روپے کی لاگت سے چند سال قبل ہی تعمیر کیا گیا تھا مگر بعض مقامات پر مبینہ ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث یہ سڑک وہاں سے ٹوٹ چکی ہے ، محکمہ روڈ کی طرف سے عدم توجہ کے باعث اب وہاں پر گڑھے پڑتے جا رہے ہیں اگر فوری طور پر ان ٹوٹے ہوئے حصوں کا پیچ ورک نہ کیا گیاتو مون سون کے دوران یہ روڈ مزید خستہ حالی کا شکار ہو جائے گی، اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی توجہ اس روڈ کی خستہ حالی کی طرف دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوٹے ہوئے روڈ کے حصے کی سرفیسنگ کے ساتھ ساتھ پیچ ورک کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی جائے تاکہ یہ روڈ مزید ٹوٹنے سے بچ سکے۔