اشیاء ضروریہ مہنگی ، ماڈل بازاروں میں رش بڑھ گیا

July 06, 2020

لاہور (خصوصی رپورٹر)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شدید اضافہ کی وجہ سے شہریوں نے اشیاء ضروریہ کےلیے پنجاب بھرکے 32 سستے ماڈل بازاروں کا رخ کر لیا۔ اوران بازاروں میں رش بڑھ گیا،ماڈل بازاروں میں قائم سہولت اسٹالز پر رمضان المبارک کے بعد بھی سبزیوں و پھل کی قیمتیں سرکاری نرخ سے 5سے 20 روپے تک کم رکھی گئی ہیں اور دالیں بھی ڈی سی ریٹس سے 10 سے 25 روپے فی کلو جبکہ گوشت 10 سے 15 روپے فی کلو کم ریٹ پردستیاب ہیں۔ عوام کے ریلیف کے لئے پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے سہولت اسٹالز میں اشیاء خوردونوش سرکاری ریٹس سے بھی سستی رکھی گئی ہیں۔اسکے ساتھ ساتھ شہریوں کی صحت کے پیش نظر پنجاب ماڈل بازار مینجمینٹ کمپنی کی جانب سے پنجاب بھر کے 32 ماڈل بازاروں میں حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے اور 32 ماڈل بازاروں میں کورونا انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کئے گئے جہاں آگاہی مہم جاری ہے جبکہ ماڈل بازاروں میں آنے والے شہریوں کو پمفلٹ اور مفت ماسک بھی بانٹے جا رہے ہیں۔