سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

July 06, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء وسابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کورونا وائرس کے باعث فاطمہ جناح ہسپتال میں انتقال کرگئے۔محمکہ صحت ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی گزشتہ چار روز سے سینے اور سانس میں تکلیف کے باعث فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے، ہسپتال ذرائع کے مطابق ان میں کورونا وائرس کی علامات تھیں۔ گزشتہ روز وہ انتقال کرگئے۔ واضح رہے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 2008پر مستونگ قلات کی نشست پر ایم این اے منتخب ہوئے بعد میں وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئے، انہوں نے فزکس میں پی ایچ ڈی بھی کر رکھی تھی،جامعہ بلوچستان میں بطور استاد خدمات بھی سرانجام دے چکے تھے، وہ بلوچستان کی معروف شخصیت اور ریاست قلات کی اسمبلی کے وزیرمولانا محمد عمر کے فرزند تھے۔دریں اثناءسابق ناظم کوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی اور سماجی رہنماءحافظ عبدالقدیر لہڑی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔