شان نے ملک ریاض سے کیا درخواست کی؟

July 06, 2020

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد نے چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین سے درخواست کی ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے چڑیا گھروں سے جانوروں کو آزاد کیا جائے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹ پر شان شاہد نے بحریہ ٹاؤن کے چڑیا گھر کے جانوروں کی کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چڑیا گھر کے جانورخستہ حال میں ہیں۔

ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے شان شاہد نے ملک ریاض حسین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری آپ سے خصوصی درخواست ہے کہ آپ اپنے تمام بحریہ ٹاؤن کے چڑیا گھروں کو بند کردیں کیونکہ وہاں جانوروں کے ساتھ بہت بُرا سلوک کیا جارہا ہے۔‘

شان شاہد نے لکھا کہ ’میری آپ سے ایک عاجزانہ گزارش ہے کہ یا تو آپ اس کے خلاف سخت نوٹس لیں یا پھر آپ اپنے چڑیا گھروں کے تمام جانوروں کو اُن کے قُدرتی مسکن واپس بھیج دیں۔‘

اداکار نے مزید لکھا کہ ’جانوروں کے ساتھ نیک سلوک کرنا بھی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ کو ریٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب میرے اس ٹوئٹ کو زیادہ سے زیادہ ریٹوئٹ کیجیے تاکہ اُن حکام اعلیٰ تک ہماری یہ درخواست پہنچ سکے جو اِن جانوروں کو قید سے آزاد کروائیں گے۔‘

شان شاہد کے ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واقعی میں آپ نے ایک بہت ہی اہم مسئلے پر بات کی ہے۔

واضح رہے کہ ملک ریاض کے بحریہ ٹاؤن کے چڑیا گھروں میں نایاب قسم کے جانور موجود ہیں جنہیں دور دور سے لوگ دیکھنے آتے ہیں۔