بھارتی شہری نے کورونا سے بچنے کیلئے سونے کا ماسک پہن لیا

July 06, 2020


کورونا وائرس کی جان لیوا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور خطرناک وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ماہرین کی جانب سے ہر شخص کو ماسک پہننے کی سختی سے ہدایت کی جا رہی ہے۔

ماسک کے اس استعمال کی وجہ سے جہاں اسکی مانگ میں اضافہ ہوا ہے وہیں نت نئے ڈیزائن کے منفرد ماسک مقبول ہو رہے ہیں۔

ایسے میں ایک بھارتی شہری نے سونے کا ماسک بنالیا جس کی مالیت 4 ہزار ڈالر اور 3 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ بھارتی شہر پونا سے تعلق رکھنے والے شنکر کرادے اب جہاں بھی جاتے ہیں ان کے چہرے پر ایک سنہری ماسک ہوتا ہے۔

یہ ماسک مکمل طور پر سونے سے بنا ہے جبکہ ماسک پر سانس لینے کے لیے باریک سوراخ بھی بنائے گئے ہیں اور ڈور کی مدد سے چہرے پر لگایا گیا ہے۔ تاہم ماسک کے کی افادیت کے بارے میں خود شنکر بھی کوئی دعویٰ نہیں کرتے کیونکہ اس میں اگرچہ باریک سوراخ بنائے گئے ہیں لیکن کورونا وائرس ان میں سے باآسانی گزرسکتا ہے۔

سونے کا یہ ماسک بہت پتلا ہے اور شنکر کے مطابق انہیں سانس لینے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ شنکرکرادے کئی دولت مندوں کی طرح سونا پہننے کے شوقین ہیں۔

ان کے گلے میں سونے کا ہار اور بازوؤں میں بھی سونے کے کڑے پہنے ہوتے ہیں جبکہ ان کی تقریباً ہر انگلی میں قیمتی اور بھاری انگوٹھیاں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔