بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے 11 ارب روپے کا مختص کردہ ہدف حاصل کر لیا

July 07, 2020

کوئٹہ(خ ن)ممبر آپریشن بلوچستان ریوینو اتھارٹی نصیب اللہ عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان ریوینو اتھارٹی نے نہ صرف 11 ارب روپے کا مختص کردہ ہدف حاصل کیا ہے بلکہ مجموعی طور پر اس سے کہیں زیادہ ٹیکس محاصل وصول کیئے ہیں، کوویڈ۔19 جیسی وبائی بیماری اور عام معاشی سست روی کے باوجود بی آر اے نے سال 2019-2020 کے دوران مجموعی طور پر 13 ارب روپے کے ریکارڈ ٹیکس محاصل وصول کیے جبکہ اس کے مقابلے میں سال 2018-2019 کے دوران صرف 8.8 بلین کی ٹیکس وصولی کی گئی تھی،ممبر آپریشن کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کی نسبت ٹیکس وصولی میں تقریباً 47 فیصد اضافہ ہوا جو کسی بھی ادارے کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 13 ارب روپے کی وصولی میں 10.45 ارب روپے بلوچستان سیلز ٹیکس کی مد میں وصول کئے گئے جبکہ 2.6 ارب بلوچستان انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں حاصل ہوئے، ممبر آپرئشن بلوچستان ریوینو اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بی آر اے کے ذریعے محصول میں مستقل اضافہ بی آر اے کے ملازمین کی شب و روز محنت اور بلوچستان کے محکمہ خزانہ اور بلوچستان حکومت کی مستقل حمایت کا نتیجہ ہے جس کے بغیر بی آر اے کی نمایاں کارکردگی شاید ممکن نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک تاثر یہ ہے کہ بی آر اے کی زیادہ تر ٹیکس وصولی ودھ ہولڈنگ ٹیکس پر منحصر ہے جوکہ سراسر غلط تاثر ہے، بی آر اے نے 10 ارب سے زائد رقم کیشْ کی صورت میں وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی،بلوچستان جیسے صْوبے میں لوگوں میں ٹیکس کلچر اْجاگر کرنے میں بی آر اے کا کردار انتہائی اہم اور مثالی ہے۔