دین ووطن کیخلاف سازشوں کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنا دیا جائیگا، فقہ جعفریہ

July 07, 2020

کوئٹہ(این این آئی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری ،سیکرٹری جنرل طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ نظریہ اساسی کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے قوم کا مقدس لہو قوم کی امانت ہے، محمد حسین شاد دو قومی نظریے کے پہلے شہید ہیں جن کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جانے دینگے ،دین ووطن کے خلاف ہر قسم کی سازش کو باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ناکام بنا دیا جائیگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کے اعلان کے مطابق شہید نظریہ پاکستان و فقہ جعفریہ محمد حسین شاد آف شور کوٹ سمیت شہدائے عزاداری صفدر نقوی و اشرف رضوی ، مادر وطن پر قربان ہونے والے افواج پاکستان کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ’’یوم شہداء ‘‘کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اوراسکی ذیلی تنظیموں کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت وطن عزیز کو نظریہ اساسی سے نہیں ہٹا سکتی شہادت ہماری میراث ہے ہم دین و وطن کی حرمت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔انہوںنے کہاکہ 6جولائی 1980ء کو اسلام آباد ایجی ٹیشن میں جام شہادت نوش کرنے والے شور کوٹ کے نوجوان محمد حسین شاد دو قومی نظریے کے پہلے شہید ہیں جن کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جانے دینگے ، نظریہ اساسی کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے قوم کا مقدس لہو قوم کی امانت ہے، دین ووطن کے خلاف ہر قسم کی سازش کو باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ناکام بنا دیا جائیگا،، اعلیٰ اہداف کے حصول ، نظریہ اساسی کی پاسداری کیلئے نذرانہ جان پیش کرنے والوں کو ہر گز فراموش نہیں کریں گے ، پاکیزہ اہداف کے فروغ کیلئے جدوجہد امانت ودیانت کیساتھ جاری رکھی جائیگی۔