اسلام آباد میں مندرکی تعمیر کو متنازع نہ بنایا جائے‘سپریم شیعہ علماء بورڈ

July 07, 2020

کوئٹہ (آن لائن)سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ آغا حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مندر کو متنازع نہ بنایا جائے، اگر اقلیتوں کو اپنی حدود کے اندر عبادات کرنے کیلئے مندر گوردوارے گرجا گھر تعمیر کر کے دینے سے دین اور ملک کی نیک نامی ہو تو ایساکرنا جائز ہے ریاست کسی سے بلیک میل نہ ہو، اسلام کا یہ درس ہے کہ دوسرے کیلئے وہی پسند کروجو اپنے لئے کرتے ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم حیدر عباس بخاری اور سردار نوید بلوچ کی قیادت میں جھنگ کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام مسلم ممالک میں اقلیتوں کو ان کے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت اور آزادی فراہم کرتا ہے،فقط وہ چیزیں جو اسلام میں حرام ہیں غیر مسلم افراد انہیں اہل اسلام کے سامنے انجام نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ اگر غیر مسلم ممالک میں مسلمانوں کو تبلیغی سرگرمیوں کی اجازت حاصل ہے تو مسلم ممالک میں بھی غیر مسلموں کو حدود کے اندر عبادات کی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔