بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ،بی این پی عوامی

July 07, 2020

کوئٹہ(پ ر)بی این پی کے رہنمائوں نے کہاہے کہ بلوچستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے یہاں کے لوگ سراپا احتجاج ہیں لیکن وفاق کو کوئی پروا نہیں۔وفاق کی جانب سے 70سال سے بلوچستان کے عوام کیساتھ زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام مایوسی کا شکار ہیں وفاق کی ظلم و زیادتیوں کیخلاف بلوچستان کے عوام کو متحد ہونا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار بی این پی (عوامی) ضلع کوئٹہ کے آرگنائزر عبدالوکیل مینگل،سی سی کے ممبر الہیٰ بخش بلوچ،میر عبدالستار شاہوانی،افتخار احمد بنگلزئی،در محمد لہڑی و دیگر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتیاں روز اوّل سے جاری ہیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان کے تمام اضلاع کے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے تمام سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں متحد ہو نا پڑےگا۔ خاص کر کوئٹہ میں ہمیں جن چیلینجز کا سامنا ہے بلوچستان کے دیگر اضلاع میں اس طرح کے چینلجز نہیں لہذا بلوچستان اور کوئٹہ کے حالات کا ادراک رکھتے ہوئے متحد و منظم ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔