بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے ٹیٹرا پیک دودھ کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے

July 07, 2020

کوئٹہ+مستونگ(خ ن)کوئٹہ میں فروخت ہونے والے ٹیٹرا پیک دودھ کا معیارجانچنے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں جناح ٹاون، سمنگلی روڈ، جناح روڈ ،میزان چوک اور طوغی روڈ میں قائم ڈیپارٹمنٹل اسٹورز ،بیکرز اور جنرل سٹورز سے فروخت کئے جانے والے مختلف کمپنیوں کے ٹیٹرا پیک دودھ( پیکٹ دودھ) کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری تجزئیے کیلئے بھجوا دیئے ،بی ایف اے حکام نے مذکورہ مراکز سےسات مختلف کمپنیوں کے کل گیارہ پیکٹ دودھ کے سیمپلزحاصل کیے جن کے لیبارٹری سے کیمیائی، حیاتیاتی اور فزیکل پیرامیٹرز چیک کروائے جائیں گے۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے مستونگ شہر میں اسسٹنٹ کمشنر یاسر اقبال دشتی کے ہمراہ علاقے میں موجود کھانےپینے کے مراکز کے معائنے کے دوران گزشتہ دنوں حاصل کیے گئے چائے کی پتی کی لیبارٹری رپورٹ غیر تسلی بخش آنے پر ایک ٹی سٹور اور ایک جنرل سٹور کو سیل کر دیا،جبکہ دو بیکنگ پلانٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات اور پروڈکشن میں مضرصحت نان فوڈز کلرز کے ودیگر غیر معیاری اجزاء کے استعمال،دو ہوٹلوں کو مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کی ابتر صورتحال و ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے،ایک نان شاپ کوآٹے کے نا مناسب سٹوریج سمیت مختلف وجوہات،ایک میٹ شاپ کو دکان میں گندگی اور گوشت ڈھکے ہوئے نہ ہونے،دو جنرل سٹورز سے زائد المعیاد بسکٹ ،ٹافیاں اور چاکلیٹ برآمد ہونے جبکہ ایک انڈے کی دکان کو خراب انڈوں کی موجودگی و فروخت پر جرمانہ کیا گیا ۔مزید برآں فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے تمام مراکز کے مالکان وعملے کو معیاری اشیاء کی تیاری اور فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔