یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث افراد کو سزا دی جائے،بی ایس او پجار

July 07, 2020

کوئٹہ(پ ر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے مرکزی چئیرمین زبیر بلوچ نے بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث افراد کو کلین چٹ دینے کے حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ افراد معاشرے میں ناسور اور یونیورسٹی سمیت بلوچستان بھر میں شرمندگی کا باعث بنے، ان افراد کو اسکینڈل سے قبل بھی بااثر ہونے کی وجہ سے کوئی روک نہیں سکا، آج پھر یہ عمل دہرایا جارہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ان افراد کے خلاف تحقیقاتی ٹیم نے بہت کچھ حاصل کرلیا تھا اور ان افراد کو معطل کرکے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور ایسا کون سا نیا ثبوت ہاتھ لگ گیا جس سے ان افراد کو بے گناہ قرار دے کر ان کو پھر سے کلین چٹ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔بلوچستان کےساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے کے بجائے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔والدین اپنے بچوں کو یونیورسٹی اور کالجز جانے سے روک رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کے ان افراد کو ان کے گناہوں کی سزا دی جائے تاکہ اعتماد کا جو فقدان والدین میں پیدا ہوا ہے اسے ختم کیا جا سکے جس سے طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو اور تعلیمی ماحول بھی انتشار سے بچ سکے۔