انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا مشکل ہے، باسط علی

July 07, 2020

‏ سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا مشکل ہے ، قومی ٹیم ایک ٹیسٹ بھی جیت جائےتو بڑی کامیابی ہوگی ، ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ٹاپ آرڈر کو پرفارم کرنا ہو گا ۔

‏سابق ٹیسٹ کرکٹرباسط علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی انگلینڈ میں ہمیشہ کارکردگی اچھی رہی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کم تجربہ کار کھلاڑی وہاں کیسا پرفارم کرتے ہیں ۔

باسط علی نے کہا کہ بطور سابق کرکٹر اور پاکستانی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم کامیابی حاصل کرے، دیکھنا ہو گا کہ ٹیم انگلینڈ میں مصباح اور یونس کے بغیر کیسا پرفارم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے فیورٹ ہے ، پاکستان ٹیم ایک ٹیسٹ بھی جیت جائے تو بڑی جیت ہوگی۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ بال کو تھوک سے چمکانے کی پابندی کی وجہ سے مڈل آرڈر کےلیے رنز کرنا آسان ہوں گے لیکن ٹاپ آرڈر کو پرفارم کرنا ہوگا ، بنیاد اچھی ہو گی تو پاکستان ٹیم کو فائدہ ہو گا ۔

باسط علی نے کہا کہ کراؤڈ نہ ہونے کا انگلینڈ کو نقصان ہوگا ، پاکستان ٹیم تو عادی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں ، اظہر علی ا ور اسد شفیق کو ذمہ داری لینا ہو گی ، مجھے نہیں لگتا کہ فواد عالم ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کی وجہ سے افتخار کو موقع دیا جائے گا۔