ابھیشک بچن اپنی فلمیں روزانہ کیوں دیکھتے ہیں؟

July 07, 2020

بھارتی اداکار ابھیشک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے روزانہ اپنی فلمیں دیکھتے ہیں ۔

بھارتی اداکار ابھیشک بچن نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’اُنہیں اپنا کام بالکل پسند نہیں آتا، وہ اُن میں سے نہیں ہیں جو خود اپنے کام کی تعریف کرتے ہیں، وہ اپنی اداکاری میں بہت سی خامیاں دیکھتے ہیں اور اُن کا خیال ہے کہ ابھی بھی انہیں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انٹرویو کے دوران ابھیشک بچن سے سوال کیا گیا کہ فلم انڈسٹری میں گزارے گئے 20 سالوں میں اُنہیں اپنی کونسی فلم سب سے زیادہ اچھی لگتی ہے ؟ اس کے جواب میں ابھیشک کا کہنا تھا کہ ’ وہ اپنی فلموں پر اگر ایک نظر دوڑائیں تو ایک بھی فلم ایسی نہیں ہے جس میں انہیں کوئی خامی نہ نظر آتی ہو ، انہیں ایسا لگتا ہے کہ ابھی بھی بہت سی غلطیوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ وہ اپنی فلمیں روزانہ دیکھتے ہیں اور اپنی غلطیوں کو ایک بیج پر لکھ لیتے ہیں تاکہ انہیں سدھارا جا سکے،وہ اپنی فلموں کو بار بار دیکھتے ہیں اور خود میں تبدیلیاں لاتے ہیں، اس طرح سے انہیں اپنی غلطیاں سدھارنے میں مدد ملتی ہے اور بطور ایک اداکار یہ اچھی بات ہے ۔‘

30 جون کو بھارتی فلم انڈسٹری میں 20 سال مکمل کرنے کرنے والے اداکار ابھیشک سے سوال پوچھا گیا کہ انہوں نے اس دن کو کیسے منایا جس کا جواب دیتے ہوئے ابھیشک کا کہنا تھا کہ ’ وہ صبح اٹھے اور تیار ہو کر شوٹنگ پر چلے گئے تھے، اُن کے خیال میں یہ بہترین طریقہ ہے ۔‘

اُن کا اپنے نئے پروجیکٹ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ڈیبیو سے متعلق کہنا تھا کہ ’جو وہ کام کرنا چاہتے ہیں وہی کر رہے ہیں، وہ جس طرح کا کام کرنا چاہتے تھے اب انہیں ویسا ہی پروجیکٹ ملا ہے ، وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک ہونے پر خوش ہیں۔‘

ابھیشک بچن نے مزید کہا کہ وہ اب پروجیکٹس کے انتخاب پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ، انہیں ہمیشہ سے ہی معلوم تھا کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں اور کیا نہیں، وہ اب اپنے مستقبل سے متعلق بنائی گئی منصوبہ بندی پر عمل کر رہے ہیں۔