اسلام آباد ہائیکورٹ: ماسٹر پلان میں مندر کی جگہ مختص نہ ہونے کا اعتراض مسترد

July 07, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواستوں کو نمٹا تے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت کے پاس اس معاملے میں مداخلت کی کوئی بنیاد موجود نہیں۔ عدالت نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں مندر کے لیے جگہ مختص نہ ہونے کا اعتراض بھی مسترد کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواستوں پر فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت نے مندر کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری ہی نہیں کیے، سی ڈی اے نے ابھی تک بلڈنگ پلان کی منظوری بھی نہیں دی، سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط کے بغیر تعمیر نہیں ہو سکتی، وفاق نے مندر کی تعمیر پر خرچ کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل بھجوایا گیا ہے، اس لیے درخواستیں غیر موثر ہیں۔

عدالت نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں مندر کے لیے جگہ مختص نہ ہونے کا اعتراض بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے لے آؤٹ پلان کے تحت چیئرمین اور سی ڈی اے بورڈ کی منظوری سے سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں پلاٹس مختص کرتا ہے، تعمیرات سی ڈی اے کے قوانین کے مطابق ہی ہو سکتی ہیں۔ عدالت کے سامنے اس معاملے میں مداخلت کی کوئی بنیاد موجود نہیں۔