میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج

July 07, 2020


پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ دی نیوز یونین کے رہنماؤں، پریس ورکرز اور فوٹو گرافرز ایسوسی ایشن سمیت سیاسی جماعتوں اور مزدور یونینز کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو ملک میں آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی سازش قرار دیا۔

جنگ گروپ کے ورکرز نے عزم کا اظہار کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک آزادی صحافت کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

پشاور

پشاور میں میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے صحافیوں اور کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں جنگ آفس کے باہر مظاہرے میں جنگ اور جیو نیوز کے کارکنان نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

سکھر

سکھر پریس کلب کے سامنے پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالہ اسد پٹھان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن علیل ہونے کے باوجود حق اور سچ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

عمرکوٹ

عمرکوٹ میں میونسپل کمیٹی کے بجٹ اجلاس میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد رکن میونسپل کمیٹی برہان کنبھر نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

نوابشاہ

نواب شاہ میں صرافہ مارکیٹ پر تاجروں اور صحافیوں نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

چنیوٹ

چنیوٹ میں سیشن کورٹ کے احاطہ میں وکلاء نے میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔