کے پی اسمبلی: جامعات میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کی قرارداد منظور

July 07, 2020

خیبرپختونخوا اسمبلی میں صوبے بھر میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کے لیے قرارداد منظور کرلی گئی۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کے زیر صدرات اجلاس پچاس منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی عنایت اللّٰہ خان نے صوبہ بھر کی جامعات میں قرآن پاک ترجمعہ کے ساتھ پڑھانے کے لیے قرارداد پیش کی جو صوبائی اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔

اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن اسمبلی عائشہ بانو نے خواتین میں چھاتی کینسر سے متعلق قرارداد پیش کی جو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں خواتین چھاتی کے کینسر کے باعث وفات پاجاتی ہیں اور پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے باعث سب سے زیادہ خواتین ہی انتقال کرجاتی ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا کیا کہ صوبائی حکومت اراکین اسمبلی پر مشتمل خصوصی نگران کمیٹی تشکیل دے جو چھاتی کی کینسر سے متعلق علاج کی تجاویز دینے کے علاوہ ڈیٹا مرتب کرے۔

ایوان نے خیبر پختونخوا میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ ریفارمز ترمیمی بل 2020 کو بھی پاس کیا۔

اس موقع پر وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ایم ٹی آئی ترمیمی بل کے ذریعے حکومت کو بورڈ ارکان کو لگانے و ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا، فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لیے ایپیلٹ فورم بنایا جارہا ہے۔

اجلاس کے دوران آزاد رکن اسمبلی میر کلام وزیر نے قبائلی اضلاع میں موبائل و انٹرنیٹ سہولت مہیا کرنے سے متعلق قرادرد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور لیا۔

ایوان میں پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے اسمبلی ملازمین کے لیے اعزازیہ و تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم جگھڑا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشکل فیصلے لینے پر فخر ہے اور وہ اس وقت اسمبلی اسٹاف کا اعزازیہ نہیں بڑھا سکتے۔