فوج کیٹرک گیریژن الکوہل ریکوری اسکیم کیلئے فنڈز فراہم کرے گی

July 08, 2020

لندن (پی اے) آرمی برطانوی فوجیوں کو شراب اور جوئے کی لت سے نجات دلانے میں مدد دینے کی اسکیم کیلئے فنڈز فراہم کرے گی، MilSMART کے نام سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو اس کے منتظمین نے برطانیہ میں خاص طورپر فوجیوں کو مدد کی پیشکش کرنے والی اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم قرار دیاہے۔ ایک سابق فوجی نے کہا کہ اگر اسے ہفتے میں 4 لیٹر وودکا پینے سے نجات مل جائے تویہ اس کا بڑا سہارا ہوگا۔ فوج کے ایک ترجمان نے اس پراجیکٹ کو شاندار قرار دیا ہے، ہیومن کائنڈ اینڈ ایڈلٹ ڈرگ اینڈ الکوہل ریکوری سروس نامی یہ چیرٹی 2017 میں قائم کی گئی تھی۔MilSMARTبحالی پروگرام کے تحت اب کم وبیش 100فوجیوں کی مدد کی جاچکی ہے، یہ برطانیہ کے سب سے بڑے کیٹرک گیریژن میں قائم کی گئی ہے، جس میں 15مختلف رجمنٹس میں 11,000سے زیادہ فوجی خدمات انجام دیتے ہیں۔ہیومن کائنڈ کا کہنا ہے کہ فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ پراجیکٹ بندش کے قریب تھا لیکن فوج کی مدد کے بعد اب 2022 تک کیلئے اس کامستقبل محفوظ ہوگیاہے اور اب اس کا دائرہ انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے 4 فوجی بیس تک وسیع کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہیومن کائنڈ کریگ کے پراجیکٹ منیجربوسم ورتھ کا کہنا ہے کہ فوج کی مدد سے اس پروگرام کو آگے بڑھانے میں حقیقی معنوں میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں فوجیوں کیلئےمینٹل ہیلتھ اور الکوہل کے حوالے سے بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ فوج نے سامنے آکر یہ ظاہرکردیا ہے کہ وہ نشے کی لت کے حوالے سے فوجیوں کی سوچ کے حوالے سے ان کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ ہیومن کائنڈ کا کہنا ہےکہ فوج کی مدد سے فوجیوں میں آگہی بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے اس لت میں ممکنہ اضافے کو روکنے میں مدد ملے گی۔ اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران منشیات اور شراب کی طلب میں اضافہ ہواہے اور جوا کھیلنے کی لت بھی بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب ہمیں فوج سے فنڈز مل رہے ہیں اورفوج مختلف کمانڈ چینز کے ذریعے اس کو آگے بڑھا رہی ہے، اس سے اس میں وسعت پیدا ہوگی اور ویلفیئر یونٹ میں موجود ہر ایک کو MilSMARTکے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ بوسم ورتھ نے بتایا کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں 47 سالہ وارنٹ افسر جون بھی شامل ہے، جون کا تعلق سوئنڈن سے ہے، اس نے 16 سال کی عمر میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور 24سال تک انفنٹری میں خدمات انجام دی ہیں، اس نے شمالی آئرلینڈ اور عراق میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ کیٹرک گیریژن میں ہائوسنگ لائژان افسر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل اسے ہوش آیا۔ جون کا کہنا ہے کہ جب میں نے فوج میں شمولیت اختیار کی تو اختتام ہفتہ یا چھٹی کے علاوہ شراب سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا لیکن میرے پورے کیریئر کے دوران یہ میرے ساتھ رہی، یہ ہمیشہ میری زندگی کی ساتھی رہی اور کبھی کبھی میں تھوڑی زیادہ بھی پی لیتا تھا لیکن بعد میں یہ معمول بن گیا اور پھر ایک ایسا وقت آیا جب میں ہر ہفتہ تین چار لیٹر ووڈکا پینے لگا۔ جون نے کہا کہ تاریخی طورپر فوجیوں میں شراب نوشی کا کلچر موجود ہے لیکن فوج اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شراب نوشی نے مجھے آگے بڑھنے میں کوئی مدد نہیں دی، میں نے غلط راستے کا انتخاب کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ خاص طور پر فوجیوں کے لئے تیار کئے گئے بحالی پروگرام سے طرز زندگی کو بدلنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ فوجی ہونے کے ناتے ہر ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتا ہے۔ جون نے پروگرام مکمل کرنے کے بعد 14 کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اب وہ فیسی لیٹر کی تربیت لے رہا ہے۔ اس نے کہا کہ "MilSMART میرا سہارا ثابت ہوا ہے اور دوسروں پر اس کے اثرات دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہوتا تھا جیسے میں دن بہ دن ابھرتا جا رہا ہوں اور اب میں نوجوان فوجیوں کو تعلیم دوں گا۔ انھوں نے کہا کہ اب ہم بوڑھے ہوچکے ہیں، ہمارا طرز زندگی مختلف ہےلیکن میں نہیں چاہتا کہ نوجوان بھی اسی راہ پر چلیں۔ پرائیسٹ میجر کورینا نے کہا کہ ہیومن کائنڈ اور یوکے اسمارٹ ریکوری نے جو کام سنبھالا ہے، وہ شاندار ہے۔ انھوں نے کہا کہ مینٹل ہیلتھ اور منشیات اور شراب کی لت کے بارے میں کھل کر بات کرنا بہت ضروری ہے تاکہ فوجیوں کی مناسب مدد کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کی سخت کوششیں کررہے ہیں کہ گیریژن کے فوجیوں کو اس سہولت کا علم ہو اور مختلف کمانڈ چینز تک اسے بڑھایا جاسکے۔