الخدمت امرہ ایسوسی ایشن اسپین کے زیر اہتمام ایوارڈز تقریب

July 08, 2020

بارسلونا(شفقت علی رضا)یورپ بھر میں کورونا لاک ڈائون کے بعد زندگی کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں،ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے منسوخ شدہ پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، الخدمت امرہ ایسوسی ایشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں والی بال اورکرکٹ کے کھلاڑیوں سمیت کورونا کی وجہ سے نافذ العمل لاک ڈاؤن میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنے والوں کے اعزاز میں ایوارڈز دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے روح رواں چوہدری عزیز امرہ نے کی ۔حافظ مدثر نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا،نقابت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے۔ اس موقع پرپاکستانیوں کی تدفین کے حوالے سے امرہ تدفین کمیٹی کے ممبران کومقامی قوانین اور میتوں کو پاکستان بھجوانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی کثیر تعداد شریک تھی ، پاکستان سے چوہدری پرویز، چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کے لئے بارسلونا پہنچے تھے جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں نے یورپی ممالک میں رہنے والے اپنے ہم وطنوں کی کورونا لاک ڈاؤن جیسی مصیبت میں جس طرح مدد کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا بارسلونا وہ واحد قونصلیٹ آفس تھا جو لاک ڈائون میں بھی پاکستانیوں کی مدد کے لئے کھلا رہا، اسی لئے ہسپانوی اور پاکستانی قومی اخبارات نے پاکستانی قونصلیٹ آفس بارسلونا کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور ہم بھی قونصل جنرل عمران علی چوہدری کی خدمات کو سراہتے ہیں ۔اس موقع پر کورونا لاک ڈاؤن میں ہم وطنوں کی مدد کرنے کے صلہ میں پاکستانیوں کے معززین کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں شیلڈز پیش کی گئیں۔ الخدمت امرہ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عزیز احمد امرہ اور چوہدری سبط حسین نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ایسے پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے جو ضرورت مند اور مستحق بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے نہ صرف پاکستانیوں کی بلکہ ہسپانوی کمیونٹی کی مدد کرکے اچھی ہمسائیگی کا جو پیغام دیا ہے اُسے مقامی کمیونٹی اور اداروں نے سراہا ہے ۔شیلڈز لینے والوں میں چوہدری قمر اسلام، چوہدری بشارت، چوہدری شہزاد اکرم، میاں جاوید،چوہدری سبط حسین، اشرف مغل، حافظ عبدالرزاق صادق، چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری احمد خان، چوہدری پرویز تریڑوانوالہ، راجہ مختار سونی، محمد اقبال چوہدری، میاں وارث، یاسر عرفات گجر، رخسار چوہدری، شانی گجر، شاہد لطیف گجر، محمد اقبال گجر، چوہدری اسلم، ذوالقرنین شاہ، ناصر سہنا، ارشاد اُللہ بھٹی، چوہدری شکیب عمران،چوہدری نوید، چوہدری وجاہت، محمد خان خانی اور دوسرے پاکستانی معززین شامل تھے ۔تقریب کے تمام شرکا ء کے لئے عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔