لندن نارتھ سرکلر پر سیلابی پانی میں پھنسے 8 ڈرائیورز ریسکیو

July 08, 2020

لندن (پی اے) لندن کی نارتھ سرکلر میں آدھے میٹر بلند سیلابی پانی میں پھنسے آٹھ ڈرائیورز کو ریسکیو کیا گیا۔ نارتھ ویسٹ لندن کی ایک بڑی سڑک پر سیلابی پانی میں پھنسے آٹھ موٹرسٹس کو فائر فائٹرز نے ان کی گاڑیوں سے ریسکیو کیا۔ برینٹ کراس کے قریب نارتھ سرکلر پر نصف میٹر بلند پانی تھا۔ لندن فائر بریگیڈ نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی بھی فرد زخمی نہیں ہوا تاہم پانی کی وجہ سے سڑک بند ہے۔ ٹیمز واٹر نے کہا کہ مین واٹر پھٹنے کی وجہ سے گولڈرز گرین ہنڈن اور فنسلے میں کئی گھروں میں پیر کی سہ پہر کو پانی کے بغیر تھے۔ ٹیمز واٹر کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی خلل پر ہم معذرت خواہ ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ خاص طور پر مشکل وقت پر ہوا اور ہم صارفین کی تشویش کو کو سمجھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہمارے ماہر انجینئرز اس مسئلے کی چھان بین کر رہے ہیں اور وہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ لندن فائر بریگیڈ (ایل ایف بی) نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے چار فائر انجن اور 25 فائر فائٹرز بھیج،ے جو مقامی وقت 15:30 بی ایس ٹی پر شروع ہوا تھا۔ ایل ایف بی کے ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔ برینٹ نارتھ سے لیبر ایم پی بیری گارڈنر نے ایسی فوٹیج شیئر کی ہے، جس میں دکھایا گیا کہ متعدد کاریں سیلاب کے پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ میرے حلقے کے وہ تمام افراد جو شام کو نارتھ سرکلر سے گھروں کو سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ مہربانی کر کے برینٹ کراس انٹر سیکشن پر سیلاب کے بارے میں آگاہ رہیں۔