غلطیوں کی اصلاح کیلئے روزانہ اپنی فلمیں دیکھتا ہوں، ابھیشک بچن

July 08, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکار ابھیشک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور غلطیوں کی اصلاحکے لیے روزانہ اپنی فلمیں دیکھتے ہیں ۔بھارتی اداکار ابھیشک بچن نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’اُنہیں اپنا کام بالکل پسند نہیں آتا، وہ اُن میں سے نہیں ہیں جو خود اپنے کام کی تعریف کرتے ہیں، وہ اپنی اداکاری میں بہت سی خامیاں دیکھتے ہیں اور اُن کا خیال ہے کہ ابھی بھی انہیں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ابھیشک کا کہنا ہے کہ ’ وہ اپنی فلموں پر اگر ایک نظر دوڑائیں تو ایک بھی فلم ایسی نہیں ہے جس میں انہیں کوئی خامی نہ نظر آتی ہو ، انہیں ایسا لگتا ہے کہ ابھی بھی بہت سی غلطیوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ وہ اپنی فلمیں روزانہ دیکھتے ہیں اور اپنی غلطیوں کو ایک صفحہ پر لکھ لیتے ہیں تاکہ انہیں سدھارا جا سکے، وہ اپنی فلموں کو بار بار دیکھتے ہیں اور خود میں تبدیلیاں لاتے ہیں، اس طرح سے انہیں اپنی غلطیاں سدھارنے میں مدد ملتی ہے اور بطور ایک اداکار یہ اچھی بات ہے ۔ 30 جون کو بھارتی فلم انڈسٹری میں 20سال مکمل کرنے کرنے والے اداکار ابھیشک سے سوال پوچھا گیا کہ انہوں نے اس دن کو کیسے منایا جس کا جواب دیتے ہوئے ابھیشک کا کہنا تھا کہ ’ وہ صبح اٹھے اور تیار ہو کر شوٹنگ پر چلے گئے تھے، اُن کے خیال میں یہ بہترین طریقہ ہے ۔‘اُن کا اپنے نئے پروجیکٹ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ڈیبیو سے متعلق کہنا تھا کہ ’جو وہ کام کرنا چاہتے ہیں وہی کر رہے ہیں۔