کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ڈرائیوان سینما مقبول ہورہے ہیں

July 08, 2020

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کی پابندی نے تفریح کے بیشتر مواقع بند کر دیے ہیں۔ ان حالات میں امریکا میں بہت سے لوگ ڈرائیو ان سینما کا رخ کر رہے ہیں۔اس وقت امریکا میں 305 ڈرائیو ان سینما موجود ہیں۔ یہ تعداد 1950 کی دہائی میں چار ہزار سے زیادہ تھیں۔ لیکن موجودہ بحران میں ان سینماؤں میں آنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ روایتی ڈرائیو ان سینما ہی نہیں ہیں جو مقبول ہو رہے ہیں۔ پوپ اپ تھیٹرز بھی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ جیسا کہ ان کے نام ہی سے ظاہر ہے، یہ ریسٹورنٹس اور پارکنگ لاٹس میں ظاہر ہو رہے ہیں اور لوگوں کو باہر نکلنے کی دعوت دے رہے ہیں۔وہ کمپنیاں جو پوپ اپ تھیٹرز بنانے میں مدد دیتی ہیں، ان کے پاس اتنا کام ہے کہ سر کھجانے کی فرصت نہیں۔ایسی ایک کمپنی فن فلکس ہے جو ڈرائیو ان سینما کیلئے اسکرین فراہم اور نصب کرتی ہے۔ عام طور پر سالگرہ کی تقریبات، گرجا گھروں اور نجی کمپنیوں کے ایونٹس کے لیے اس کی خدمات لی جاتی تھیں۔ لیکن اب کام بڑھ رہا ہے۔فن فلکرز 32، 40اور 52فٹ چوڑی اسکرینز فراہم کرتی ہیں، لیکن بہرحال وہ اصلی ڈرائیو ان سینما کا مقابلہ نہیں کر سکتیں جہاں 120فٹ چوڑی اور52فٹ بلند اسکرین نصب ہوتی ہے۔