لوڈشیڈنگ، اووربلنگ کیخلاف کارروائی کی جائے، حافظ نعیم

July 08, 2020

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں سخت گرمی میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی جانب سے نوٹس لینے اور آن لائین عوامی سماعت کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ نوٹس لینے سے نہیں کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے سے حل ہو گا، نیپرا صرف لوڈشیڈنگ ہی نہیں اووربلنگ کی شکایات پر بھی نوٹس ہی نہ لے بلکہ کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے، انہوں نے کہا کہ نیپرا کے نوٹس لینے کی اطلاعات اس سے قبل بھی بارہا آتی رہی ہیں لیکن کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی بدستور برقرار ہے اور سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بھی کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، پہلی بارش کے ساتھ ہی شہر میں بریک ڈاؤن ہو گیا اور کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں 12گھنٹوں کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی، کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام اتنا بوسیدہ اور ناکارہ ہے کہ گرمی کی شدت اور بارش بالکل برداشت نہیں کرپاتا، وفاقی حکومت اور نیپرا صرف نوٹس لینےسے آگے بڑھنے پر تیار نہیں ہیں، بدترین لوڈشیڈنگ کے علاوہ اووربلنگ کی شکایات بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب حکمران پارٹیاں بھی مسائل حل کروکے مطالبات کرنے لگیں تو مسائل کون حل کرے گا؟ حکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج اور زبانی جمع خرچ کرکے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتیں۔