محکمہ بورڈ آف ریونیو میں کرپشن کی روک تھام کررہے ہیں، جام اکرام

July 08, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بورڈ آف ریونیو میں بدعنوانیوں کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ بات منگل کے روز یہاں ریونیو آفس کلفٹن میں وزیر صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو اور وزیر برائے ریونیو اور ریلیف مخدوم محبوب زماں کے مشترکہ اجلاس میں کہی گئی۔ چیئرمین اینٹی کرپشن عالم دین بلو ، سئنیر ممبر بورڈ اف ریونیو قاضی شاہد پرویز، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سہیل احمد قریشی اور بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مختیارکار اور سب رجسٹرار ، جن کے خلاف ایف آئی آرز ہیں ، جب تک کہ وہ ان کیسز سے کلئیر نہیں ہوجاتے، تب تک انھیں پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں مختیارکاروں کو محکمہ اینٹی کرپشن کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ مطلوبہ ریکارڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو فراہم کریں۔