بلین ٹری سونامی پراجیکٹ، محکمانہ انکوائری میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف

July 08, 2020

پشاور( ارشدعزیز ملک) خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی محکمانہ انکوائری میں سنگین بے ضابطگیاں اورخورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔محکمہ جنگلات نے سدرن ریجن کے تین ڈویژنوں کے 94 اہلکاروں کے خلاف 66 انکوائریوں کا آغاز کیا جس میں سے 47 انکوائریوں مکمل کی گئیں جبکہ 19 پر تاحال کارروائی جاری ہے جنھیں جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا ۔

محکمہ نے صوبے کے تین ریجنز میں سے صرف ایک ریجن سے تقریبا 2 کروڑ 10 لاکھ روپےکے قریب ریکوریاں کی ہیں۔دو ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسروں کوجبری طورپر ملازمت سے ریٹائرڈ کردیا گیا جبکہ الزامات ثابت نہ ہونے کی وجہ سے 18 اہلکاروں کومعاف کردیا گیا ۔

جنگ کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق محکمہ جنگلات نےبلین ٹری سونامی میں عوامی شکایات پر دو سب ڈویژنل فارسٹ آفیسروں ، پانچ ڈپٹی رینجرز ، ایک رینج فارسٹ آفیسر ، 15 فارسٹرزاور 46 فارسٹ گارڈز کے خلاف انکوائری شروع کی۔

محکمے نے سدرن ریجن کے تین ڈویژنوں پشاور ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 66 انکوائریاں کے احکامات جاری کئے ۔شکایات کی مکمل تحقیقات اورمتعلقہ افسروں کا موقف سننے کے بعد 47 کیسز کا فیصلہ کیا گیا اور سزا یافتہ اہلکاروں کو جبری ریٹائرمنٹ ،ریکوریاں ، معطلی ، سالانہ انکریمنٹس روکنے ، انتباہ اور دیگر سزائیں سنائی گئیں ۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق ایک اورکیس میں ایک چیف کنزرویٹر بی پی ایس 19 ، دو ڈی ایف اوز بی پی ایس 18 ، تین ایس ڈی ایف اوز بی پی ایس 17 ، دو فارسٹرز بی پی ایس 9 اور دس فاریسٹ گارڈز بی پی ایس 7 کے خلاف دوبارہ انکوائریاں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ جنگلات کےاندرونی احتساب کے نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ تحریک انصاف حکومت کسی بھی سرکاری محکمے میں کسی قسم کی کرپشن ٗبدعنوانی یا خورد برد کی ہرگز اجازت نہیں دے گی کیونکہ تحریک انصاف کرپشن فری معاشرے پر یقین رکھتی ہے ۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہےکہ وہ اپنے محکمے اندر احتساب کے نظام کو سختی سے نافذ کریں کیونکہ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کے لئے ووٹ دیا تھا ۔محمود خان نے مزید کہاکہ کرپشن اور بدعنوانی برائیوں کی جڑ ہے جس کو ختم کرکے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی ملکی وسائل کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

رپورٹ کے مطابق مردان جنگلات ڈویژن کے اہلکاروں سے درختوں کی شجرکاری میں بے ضابطگیوں اور ناکامی پرمجموعی طورپر1221847روپے وصول کئے گئے ۔

مردان رنگ روڈ پر پودے لگانے میں ناکامی پر سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر مردان ڈویژن سید ریاض احمد کے خلاف انکوائری شروع کی گئی اور ان کی پنشن سے 482287 روپےکاٹ لئے گئے اسی ڈویژن کے افتخار الدین فاریسٹ گارڈ کے خلاف ایک الزامات ثابت ہونے پر اس کے دو انکریمنٹ روک لئے گئے جبکہ اس سے 793500 روپے وصول کرنے کا حکم جاری کیا گیا ۔