تعمیراتی صنعت کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ٹائم لائن مقرر، نوٹیفکیشن جاری

July 08, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)پنجاب حکومت نےتعمیراتی صنعت کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ٹائم لائن جاری کردی ۔پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کی منظوری کیلئے درخواست6روز میں پراسس ہوگی جبکہ لینڈ یوزکنورژن چارجز/کنڈونیشن فیس کیلئے پندرہ دن میں این او سی کا عمل مکمل ہوا کریگا۔ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کیلئے این او سی کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو دی جائیگی۔چھٹے روز ڈی سی منظوری یا مسترد کرنے کے بارے میں جواب کا پابند ہوگا۔لینڈ یوز کنورژن کیلئے درخواست ڈی سی کو دی جائے گی جواے ڈی سی آر کو مارک ہوگی۔اے ڈی سی آر ایک دن میں متعلقہ اے سی کو مارک کرے گا۔اے سی تین دن میں رپورٹ کرے گاجبکہ ڈی سی تین دن میں ڈسٹرکٹ پرائس اسسیمنٹ کمیٹی کا اجلاس کرکے قیمت کا تعین کرینگے۔اس کے بعد بطور ڈسٹرکٹ کلیکٹر ڈی سی منظوری کیلئے کمشنر کو فائل بھجوائیگا۔ کمشنر تین دن میں فیصلہ کرینگے۔ایک دن فیس جمع کرانے کیلئے چالان جار ی کرنے کیلئے جبکہ اگلے روز این او سی جاری ہوجائے گا۔ڈپٹی کمشنر کو اوورآل انچارج بنایا گیا ہےجبکہ تمام امور کی نگرانی کو تکمیل اے ڈی سی آر کی ذمہ داری ہوگی۔تعمیراتی صنعت کیلئےہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں خدمت مراکز قائم ہوں گے۔