اڈیالہ جیل کا اسیر جاں بحق، لاش پوسٹمارٹم کے بغیرورثاء کے حوالے

July 08, 2020

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)اڈیالہ جیل میں کورناوائرس میں مبتلارہنے والا25سالہ قیدی دم توڑگیا۔جیل ذرائع کے مطابق حیدرولد حق نوازگذشتہ روزآرآئی سی راولپنڈی میں انتقال کرگیا۔اس کے بارے بتایاجاتاہے کہ وہ جیل ہسپتال میں میڈیکل آفیسرڈاکٹرخلیل ملک کے ہمراہ بطورپیرامیڈیک سٹاف کام کررہاتھا اور گذشتہ ماہ اس کاکوروناٹیسٹ مثبت آیاتھا جس کے بعد اسے قرنطینہ کردیاگیاتھا ۔ جیل حکام کاکہناہے کہ قرنطینہ میں رہنے کےبعد اس کا کرایاگیا کورونا ٹیسٹ منفی آیاتھا اتوارکواس کی طبیعت اچانک خراب ہونے پراسے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیاگیا جہاں وہ پیر کوخالق حقیقی سے جاملا۔جیل حکام اس کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتارہے ہیں لیکن یہ امرباعث تشویش ہے کہ اس کاپوسٹ مارٹم کرائے بغیراس کی میت اس کے ورثاء کے حوالے کردی گئی حالاں کہ جیل قوانین کے مطابق جاں بحق ہونے والے اسیروں کاپوسٹ مارٹم کرایاجانالازمی ہے۔ یادرہے کہ 4جون کواڈیالہ جیل ہسپتال کا ڈینٹل اسسٹنٹ احمدکمال بھی کوروناکی وجہ سے انتقال کرگیاتھا ۔لیکن جیل حکام اس کی موت کی وجہ بھی ہارٹ اٹیک قراردے رہے تھے بعدازاں آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے پنجاب کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کوپانچ جون کوبھیجے گئے لیٹرمیں احمدکمال کی موت کوروناسے واقع ہوناقراردی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق جیل ہسپتال کےمیڈیکل افسراوردیگرکئی اسیران اورملازمین بھی کوروناسے متاثرہوئے ہیں لیکن جیل انتظامیہ اس حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریزاں ہے۔