نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف تنخواہوں سے محروم

July 08, 2020

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) جڑواں شہروں کے بعض نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ کورونا پر فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے نجی ہسپتالوں کے بعض ملازمین تنخواہوں سے ابھی تک محروم ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ان ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی گئی ہے۔ ان ہسپتالوں کے ذرائع کے مطابق ملازمین کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جارہا، مالی مشکلات کے پیش نظر ان کی تنخواہوں کی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کورونا کے خلاف فرنٹ لائن کردار ادا کرنے والوں کی ملازمتوں کا تحفظ کرنے کے ساتھ تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ بعض ہسپتالوں نے تو سینئر ڈاکٹرز کو اس فارمولےکے تحت ملازمت سے فارغ کر دیا کہ وہ روزانہ کی پریکٹس کی بنیاد پر ہسپتال آسکتے ہیں اور ہسپتال کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں جبکہ بعض ہسپتالوں نے سٹاف کی تنخواہوں میں کمی کر دی ہے اور بعض نے ادا ہی نہیں کی صرف تسلی دی جارہی ہے۔ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ کم ازکم تنخواہوں کی ادائیگی تو کی جائے ۔