طلباء تنظیموں کا اجلاس‘ آن لائن کلاسز کے اجراء کا فیصلہ مسترد

July 08, 2020

کوئٹہ(پ ر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلوچ طلباء ایکشن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب کی صدارت میں طلباء تنظیموں کا اجلاس ہوا جس میں بی ایس اوپجار، بی ایس اواور پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔طلباء تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے آن لائن کلاسز کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن یہاں واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صوبے کے بہت سے اضلاع میں سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر انٹرنیٹ کی سہولت بند ہے جبکہ اکثر و بیشتر طلباء کا تعلق ایسے دیہی علاقوں سے جہاں موبائل کی بھی سہولت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبوں کو منتقل ہوچکے اس حوالے سے صوبوں کو خود فیصلہ کرنا چاہئے۔طلباء تنظیموں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف بھرپور حکمت عملی تیار کی جائے گی اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے عالمگیر مندوخیل نقیب کاکڑ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار سے زبیر بلوچ طارق بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے شوکت بلوچ نذیر بلوچ بلوچ طلباء ایکشن کمیٹی سے ڈاکٹر نواب بلوچ اورخالد بلوچ ہونگے کمیٹی آن لائن کلاسز کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرے گی۔