بکر منڈیاں اڑھائی کلومیٹر سے زائد فاصلے پر شہر سے باہر لگائی جائیں‘ڈی سی

July 08, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) عیدالاضحیٰ کے موقع پر عارضی بکر منڈیاں لگانے کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب خان ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عارضی بکر منڈیاں شہری حدود سے باہر لگانے کی ہدایت کی ہے اور شہری حدود میں آنے کی وجہ سے سامورانہ میں لگنے والی مستقل بکر منڈی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا ہے کہ تمام بکر منڈیاں اڑھائی کلومیٹر سے زائد فاصلے پر شہر سے باہر لگائی جائیں۔عامر خٹک نے کہا کہ24 گھنٹوں کے اندر عارضی بکر منڈیوں کے مقامات کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور رش کم کرنے کے پیش نظر گزشتہ سال کے مقابلہ میں بکر منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔عامر خٹک نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی میونسپل کمیٹی کی حدود سے باہر بکر منڈیاں لگائی جائیں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جانور کو لانے والی گاڑی کی شہر میں داخلہ سے پہلے ڈس انفکشن کی جائے گی۔