کراچی: آج بھی بارش کی پیشگوئی، کئی علاقوں میں بوندا باندی

July 08, 2020


اللّٰہ تعالیٰ شہریوں پر بہت مہربان ہیں، محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج مسلسل تیسرے روز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج شہرِ قائد میں 30 سے 40 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کر دی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہو رہی ہے، جن میں نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، اختر کالونی، کشمیر کالونی، ڈیفنس ویو، ملیر، کورنگی، قیوم آباد اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

شہر کو بادلوں نے اپنے حصار میں لے رکھا ہے، تاہم شدید حبس ہو رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 31 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں شمال مغرب کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

دوسری جانب ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا اسپیل آج شام تک ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے جنوب مشرق میں کم دباؤ کا سسٹم موجود ہے، جس کی وجہ سے شہر میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری رہے گی۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج مون سون ہواؤں کا رخ سندھ کی طرف ہے، مون سون ہواؤں کا رخ کل پنجاب کی طرف ہو جائے گا۔