جاوید آفریدی نے ایک اور مشورہ مانگ لیا

July 08, 2020

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے منی پی ایس ایل کے منعقد کروائے جانے کا عندیہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاوید آفریدی گزشتہ کچھ دنوں سے پی ایس ایل کے حوالے سے سوال و جواب کرتے اور کرکٹ شائقین سے مشورے مانگتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اپنے حالیہ ٹوئٹ میں انہوں نے منی پی ایس ایل یا 15 اوورز پر مشتمل پی ایس کروانے کے حوالے سے مشورہ مانگ لیا۔

انہوں نے کرکٹ شائقین سے مشورہ مانگتے ہوئے لکھا کہ کیا 100 بالز یا 15 اوورز پر مشتمل منی پی ایس ایل فارمیٹ متعارف کروایا جائے۔

ان کے اس ٹوئٹ پر کچھ صارفین نے تو ان کی حمایت کی کہ ایسا پی ایس ایل انہیں منظور ہے لیکن وہیں کچھ کرکٹ صارفین پی ایس ایل کے اس فارمیٹ پر نہ کرتے نظر آئے۔

ایک صارف نے مشورہ دیا جو کمرشل پہلوؤں اور تماشائیوں کے اعتبار سے جاوید آفریدی کو خوب بھایا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جاوید آفریدی نے شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں ’ارطغرل‘ کا کردار ادا کرنے والے انجن التان اور ’حلیمہ سلطان‘ کا کردار ادا کرنے والی ’اسراء بلجیک‘ کو پی ایس ایل کا حصہ بنانے کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا ۔

تُرک اداکارہ اسراء بلجیک نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بہت جلد اپنے پاکستانی مداحوں کو ایک بڑی خوشخبری سُنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اسراء کے اس ٹوئٹ پر جاوید آفریدی نے اُن کا شکریہ ادا کیا تھا جس سے انداہ ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر ہوں گی۔