ڈینیئل لیمونیس پی ایف ایف کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل مقرر

July 08, 2020

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اسپین کے ڈینیئل لیمونیس کو پی ایف ایف کا ڈائریکٹر ٹیکنیکل مقرر کردیا ہے، ایٹلیٹکو میڈرڈ کی اکیڈمی کے کوچ کا کہنا ہے کہ فٹبال کی ترقی کے لیے گراس روٹ اور کوچز کی ڈیولپمنٹ سب سے اہم ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان نے وڈیو کانفرنس پر میڈیا کو ڈینیئل لیمونیس کی تقرری کا بتاتے ہوئے کہا کہ یوئیفا کوچنگ لائسنس کے حامل لیمونیس کو چھ مہینے کیلئے مقرر کیا گیا ہے اور ان کی تقرری کا بنیادی مقصد مستقبل کیلئے روڈ میپ تیار کرنا ہے تاکہ نارملائزیشن کمیٹی آنے والوں کیلئے ایک مثبت حکمت عملی تیار رکھ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیمونیس کی تقرری سے پاکستان فٹبال کو فائدہ ہوگا، وہ فٹبال ڈیولپمنٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ڈینیئل لیمونیس کا کہنا تھا کہ بطور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ان کی ترجیح ہوگی کہ وہ پاکستان فٹبال کیلئے روڈ میپ تیار کریں، بہتری کیلئے بنیادی ہدف گراس روٹ پر کام اور کوچز کا معیار بڑھانا ہے۔