کوئٹہ:کوروناوائرس کی وبا کی وجہ سےویران کھیل کے میدانوں کی رونق بحال ہونے لگیں

July 08, 2020

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے باعث ویران ہونے والے کھیل کے میدانوں کی رونق بتدریج بحال ہونے لگی ہیں، میدانوں میں جوان اور بڑی عمر کے افرا د صبح سویرے چہل قدمی اور ورزش میں مصروف نظر آتے ہیں تو بہت سے فٹبال بھی کھیلتے نظر آتے ہیں۔

کورونا وائرس نے چار ماہ سے زائد عرصہ کے دوران زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہوا ہے۔

اس صورتحال کی وجہ سے جہاں کاروبارِ زندگی مفلوج ہوا تو وہیں وبا نے کئی افراد کی جسمانی اور نفسیاتی صحت پر بھی برا اثر ڈالا اور کئی زندگیوں کے چراغ بھی گل ہوگئے۔

تاہم اب خوش آئند بات یہ ہے کہ وائرس پر اب کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے، جس کے بعد کاروبار زندگی بحال ہوا تو کوئٹہ میں کھیل کے میدان بھی آباد ہونا شروع ہوگئے۔

ایک فٹبال کوچ کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ سارے ویران تھے، بند تھے، اب یہ مسئلہ کم ہوتا جارہا ہے، ایسے ہی گراؤنڈ آباد ہور ہے ہیں، لوگ آرہے ہیں۔

اسپیشل اسکول پرنسپل نے کہا کہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ہم اپنا پروگرام چلاتے ہیں، لوگ یہاں آتے ہیں صبح سویرے واک کرتے ہیں اور سیکنڈ ٹائم طالب علم آتے ہیں۔

ورزش کے لیے میدانوں میں آنے والے ان افراد کا کہنا تھا کہ صبح سویرے واک، ایکسرسائیز اور کھیل کا اپنا ہی لطف ہے اور یہ لطف وہی جانتے ہیں جو اس کے عادی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری یہاں روٹین ہے کہ فجر کی نماز کے بعد ہم گراؤنڈ میں پہنچ جاتے ہیں، کچھ واک کرتے ہیں اور کچھ ایکسرسائز کرتے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم پارکوں کو آباد کریں تو ہمارے اسپتال ویران ہوجائیں گے، ہم نے آج کل اسپتالوں کو آباد کیا ہوا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کھیل اور دیگر صحت مند سرگرمیاں انسان کو کورونا اور معمول کی دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔